لاہور میں 4 سے 8 فروری تک پانچ روزہ خصوصی تعطیلات کا اعلان

پنجاب حکومت نے لاہور میں فروری کے پہلے ہفتے کے دوران پانچ روزہ خصوصی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس میں قومی دنوں کے ساتھ شہر کا روایتی تہوار بسنت بھی شامل ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان تعطیلات کا آغاز 4 فروری کو شبِ برات سے ہوگا، جو مذہبی اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی قومی تعطیل ہوگی، جس کے تحت سرکاری و تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
اس کے بعد 6 فروری سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس کے باعث شہریوں کو مسلسل پانچ دن کی چھٹیوں کا موقع ملے گا۔
لاہور میں بسنت کے لیے پتنگ ڈور کی اجازت
حکومتی اعلامیے کے مطابق ان دنوں تمام سرکاری دفاتر، اسکولز اور کالجز بند رہیں گے تاکہ شہری تہواروں اور قومی دنوں کو آرام اور سکون سے منا سکیں۔
انتظامیہ نے بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پانچ روزہ تعطیلات سے نہ صرف عوام کو ذہنی سکون ملے گا بلکہ لاہور میں سیاحت اور مقامی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔











