03:47 , 28 جولائی 2025
Watch Live

جرگہ کے حکم پر لڑکی کا قتل، تمام ملزمان گرفتار

جرگہ کے حکم پر لڑکی کا قتل، تمام ملزمان گرفتار

راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں مقامی جرگہ کے فیصلے پر شوہر کے ہاتھوں ایک 19 سالہ نئی نویلی دلہن کے قتل کے لرزہ خیز واقعے میں پولیس نے تمام 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقتولہ کی شناخت سدرہ عرب گل کے نام سے ہوئی ہے، جسے اس کے شوہر ضیاء الرحمٰن نے مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق، خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے واقعے سے متعلق اہم شواہد جمع کر لیے ہیں، جن میں ملزمان کے موبائل فونز سے حاصل کردہ ڈیٹا بھی شامل ہے۔ تفتیش کے دوران شوہر اور سسر نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔

پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی ہیں، جبکہ ریاست اور پولیس نے خود کو مدعی نامزد کیا ہے تاکہ مقدمہ مؤثر طریقے سے چلایا جا سکے۔ حکام کے مطابق، جرگہ کے ذریعے قتل کا حکم دینا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے لیے قانونی مشاورت کی جا رہی ہے۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بیان دیا:

"یہ صرف قتل نہیں، قانون کی عملداری پر براہ راست حملہ ہے۔ جرگہ سسٹم کے ذریعے ایسے غیر قانونی اور ظالمانہ فیصلوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔”

عدالتی احکامات کے تحت سدرہ کی لاش کی قبر کشائی کل کی جائے گی تاکہ مزید فرانزک تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔ اس موقع پر پولیس کی نفری قبرستان میں تعینات کر دی گئی ہے۔ ملزمان کو آئندہ پیشی پر جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے لیے عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION