10:58 , 14 اکتوبر 2025
Watch Live

نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت

پشاور ہائیکورٹ میں نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے سماعت کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کی رائے طلب کرتے ہوئے معاملہ کل تک ملتوی کر دیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سہیل آفریدی باقاعدہ وزیراعلیٰ منتخب ہو چکے ہیں، اور ان کی حلف برداری میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گورنر کی غیر موجودگی میں چیف جسٹس کسی کو بھی حلف لینے کا اختیار دے سکتے ہیں۔

عدالت نے پوچھا کہ کیا اسپیکر نے گورنر کو حلف برداری کے لیے سمری بھیجی ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ جی، سمری بھیجی جا چکی ہے۔ تاہم گورنر نے اعتراض کیا ہے کہ وہ صوبے سے باہر ہیں اور 15 اکتوبر کو واپس آکر سابق وزیراعلیٰ سے استعفیٰ کی تصدیق کریں گے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ وہ گورنر ہاؤس سے تصدیق کریں کہ سمری وہاں پہنچی یا نہیں۔ عدالت نے کہا کہ گورنر کی رائے ضروری ہے، اس کے بعد ہی مزید فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر جان بوجھ کر تاخیر کر رہے ہیں، جبکہ صوبہ اس وقت بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION