11:27 , 1 فروری 2026
Watch Live

بسنت کیلئے پولیس کے اہم احکامات، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

بسنت

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا ہے کہ بسنت کے دوران چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

لاہور پولیس کے زیرِ اہتمام بسنت کے پُرامن انعقاد سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سکیورٹی، ٹریفک اور قانون نافذ کرنے سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے بسنت کے لیے مختص چھتوں کے مالکان سے سکیورٹی بانڈز لینے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

بلال صدیق کمیانہ نے کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یکم فروری سے کوئی بھی موٹر سائیکل بغیر سیفٹی راڈ کے سڑک پر نہیں آنی چاہیے۔

لاہور میں بسنت کی واپسی، سرچ لائٹس اور پتنگ بازی سے کاروبار میں تیزی

انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر بھی بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

سی سی پی او کے مطابق غیر قانونی پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے استعمال کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ بسنت کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر بھر میں پتنگوں کی خرید و فروخت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION