ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کو اہم مقابلے سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف شیڈول میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ اس صورتحال کے بعد ابھیشیک شرما پاکستان میچ میں شرکت مشکوک ہونا بھارتی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹیم کو مضبوط آغاز کی ضرورت ہے۔
رپورٹس کے مطابق 6 فروری کو ممبئی میں نیٹ سیشن کے بعد کچھ کھانے کی وجہ سے ابھیشیک کی طبیعت خراب ہوئی۔ اگلے روز امریکا کے خلاف میچ میں انہوں نے کھیلنے کا فیصلہ تو کیا، لیکن وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور واضح طور پر مکمل فٹ نظر نہیں آئے۔
بعد ازاں وہ ٹیم کے ساتھ نئی دہلی گئے تاکہ نمیبیا کے خلاف میچ میں حصہ لے سکیں، مگر وہاں ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔ معدے میں شدید انفیکشن کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اگرچہ وہ میچ سے قبل ڈسچارج ہو گئے تھے، لیکن انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے افغانستان کو 188 رنز کا ہدف دیا
نمیبیا کے خلاف میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ابھیشیک مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہیں اور ممکن ہے وہ ایک یا دو میچ نہ کھیل سکیں۔ کپتان کے اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف ان کی دستیابی پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔
بھارت کو اپنا اگلا اور اہم ترین میچ 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔ تاہم ابھیشیک شرما پاکستان میچ میں شرکت مشکوک ہونے کی خبر نے بھارتی ٹیم کی تیاریوں پر اثر ڈالا ہے اور ٹیم انتظامیہ ان کی صحت یابی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔












