10:15 , 10 نومبر 2025
Watch Live

انڈونیشیا کا اسرائیلی جمناسٹک ٹیم کو ویزا دینے سے انکار

انڈونیشیا کا اسرائیلی جمناسٹک ٹیم کو ویزا دینے سے انکار

انڈونیشیا نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی جمناسٹک ٹیم کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث ٹیم عالمی جمناسٹکس چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، ورلڈ آرٹسٹک جمناسٹکس چیمپئن شپ 19 سے 25 اکتوبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد ہو رہی ہے۔ تاہم، اسرائیلی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کے لیے درکار ویزا جاری نہیں کیا گیا۔

انڈونیشیائی جمناسٹکس فیڈریشن کی صدر ایتا یولِعاتی نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی دباؤ، مذہبی اداروں اور سماجی حلقوں کے اعتراضات کے بعد کیا گیا ہے۔

سینئر انڈونیشی وزیر برائے قانونی امور یسرل اہزا مہندرا نے کہا کہ اسرائیلی ٹیم کو مدعو کرنا ملک کی پالیسی اور فلسطین کے حق میں دیرینہ مؤقف کے خلاف ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انڈونیشیا اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوتی۔

اس فیصلے کا پس منظر حالیہ ہفتوں میں انڈونیشیا میں فلسطین کے حق میں بڑھتے ہوئے عوامی جذبات اور سوشل میڈیا پر احتجاجی مہمات ہیں، جن میں اسرائیلی ٹیم کی شرکت پر شدید اعتراضات کیے گئے۔

دریں اثنا، اقوام متحدہ کے ماہرین نے فیفا اور یوئیفا سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی کھیلوں سے معطل کیا جائے، جبکہ اسرائیل ان اقدامات کو سیاسی اور غیر منصفانہ قرار دیتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے اور اسرائیل کے ساتھ کوئی سفارتی تعلقات نہیں رکھتا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION