ایران نے فضائی حدود کھول دی، بین الاقوامی پروازیں بحال

تہران: ایران کے سول ایوی ایشن ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مقامی و غیر ملکی پروازوں کا شیڈول کے مطابق آغاز ہو گیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق تمام اہم ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمدورفت بحال کر دی گئی ہے، البتہ اصفہان اور تبریز کے ہوائی اڈوں پر فلائٹس صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک محدود رہیں گی، کیونکہ ان ایئرپورٹس پر ضروری سہولیات کی فراہمی تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ان دونوں ایئرپورٹس کو بھی مکمل فعال بنا دیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں ہوائی آپریشن پوری طرح بحال ہو سکے۔
پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی
دوسری جانب، پاکستان نے بھارتی ایئر لائنز اور طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹم (NOTAM) کے مطابق، یہ پابندی اب 23 جولائی 2025 تک برقرار رہے گی۔ اس پابندی کے تحت بھارتی فوجی و مسافر طیارے، بھارتی رجسٹرڈ یا لیز پر لیے گئے طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق، اس فضائی بندش کے باعث بھارتی ایئر لائنز کو اربوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بڑے مسافر بردار طیارے جیسے بوئنگ 777 اور ایئر بس A330 کو یورپ اور مشرق وسطیٰ جانے کے لیے یومیہ 2 سے 4 گھنٹے زائد سفر کرنا پڑ رہا ہے۔












