ویب ڈیسک
|
10 مہینے پہلے
پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا قانون منظور کر لیا

لاہور: پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی (ترمیمی) ایکٹ 2024 منظور کر لیا، جس کے تحت صوبے بھر میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت پتنگ بازی، پتنگوں کی تیاری یا پتنگوں سے متعلقہ مواد کی نقل و حمل میں کسی بھی قسم کی شمولیت سختی سے ممنوع قرار دی گئی ہے۔پتنگ بازی میں ملوث افراد کو 3 سے 5 سال قید، 20 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔پتنگوں کی تیاری یا نقل و حمل میں ملوث افراد، بشمول تیار کنندگان اور ٹرانسپورٹرز، کو 5 سے 7 سال قید، 50 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔نابالغ بچوں کے لیے پہلی بار پتنگ بازی پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور دوسری بار جرم دہرانے پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ، پتنگوں کی تیاری، فروخت یا نقل و حمل میں ملوث افراد پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔
یہ اقدام ان افسوسناک واقعات کے بعد کیا گیا ہے جن میں دھاتی ڈور کے استعمال سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔نئے قانون کا مقصد خطے میں انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پتنگ بازی، اس کی تیاری اور نقل و حمل پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے قانون کے نفاذ کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔












