ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ

پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد گھریلو صارفین اور چھوٹے کاروباروں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے لگا ہے۔ مارکیٹ میں قیمتوں میں اچانک اضافے نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے۔
مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے رہنما علی حیدر کے مطابق ایل پی جی کی ریٹیل قیمت میں 70 سے 100 روپے فی کلو تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ایل پی جی تقریباً 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی، تاہم حالیہ اضافے کے بعد قیمت 320 سے 350 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ، وزیراعظم شہباز شریف
مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق جنگ کے بعد ایل پی جی کی سپلائی میں کمی آئی ہے جس کے باعث قیمتوں میں اضافے کا رجحان پیدا ہوا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق درآمدی سپلائی متاثر ہونے سے مقامی مارکیٹ میں طلب اور رسد کا توازن بگڑ گیا ہے جس سے قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متبادل ذرائع سے ایل پی جی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔












