03:36 , 16 جون 2025
Watch Live

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منگل کے روز امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات میں تجارت، سیکیورٹی اور علاقائی امن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور خطے میں سیزفائر معاہدوں اور استحکام کے لیے امریکی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔

مریم نواز نے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر کی پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی حمایت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کھیل اور ثقافت جیسے شعبے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مشترکہ اقدار اور اسٹریٹجک مفادات پر مبنی قیمتی شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان بہن ریاست کے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے دونوں خطوں کے درمیان سماجی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں مریم نواز نے ٹیکسٹائل اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں پاکستان کو امریکہ کا ابھرتا ہوا اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی، خوراک کے تحفظ اور پائیدار ترقی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے نٹالی بیکر کی مثبت اور متحرک سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کو ایک اہم عالمی شراکت دار سمجھتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION