02:19 , 19 ستمبر 2025
Watch Live

میئر کراچی نے گرین لائن منصوبے پر کام رکوا دیا

کراچی میں وفاقی حکومت کے 30 ارب روپے کے گرین لائن منصوبے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے منصوبے کے دوسرے فیز پر کام رکوا دیا، جو گرومندر سے میونسپل پارک تک بنایا جا رہا تھا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے نے اس منصوبے کے لیے ان سے این او سی (NOC) نہیں لی، اس لیے کام بند کرایا گیا ہے۔ کے ایم سی کے مطابق این او سی کے بغیر شہر میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری طرف وفاقی ادارہ پی آئی ڈی سی ایل (Pakistan Infrastructure Development Company Limited) کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس 2017 کی کے ایم سی کی جانب سے جاری کردہ این او سی موجود ہے، اس لیے کام بند کرانا درست عمل نہیں۔

پی آئی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ اگر کے ایم سی کو کوئی اعتراض تھا تو خط کے ذریعے بات کی جاتی، نہ کہ زبانی حکم پر کام رکوایا جاتا۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر شروع ہونے والے منصوبے کو اس طرح روکنا مناسب نہیں۔

وفاقی ادارے نے منصوبہ رکوانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے کراچی کی ترقی کے اہم منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف کنٹریکٹر نے بھی کام بند کر کے عملے کو سائٹ سے ہٹا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میئر کراچی اور پی آئی ڈی سی ایل کے حکام کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے، جس میں اس تنازع کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ منصوبے پر دوبارہ کام شروع ہو سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION