اداکارہ میرا کی برطانوی ویزا کے لیے جذباتی اپیل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ لندن میں زیرِ علاج اپنی بہن کی عیادت کر سکیں، جو کینسر جیسے خطرناک مرض سے لڑ رہی ہیں۔
اداکارہ میرا نے یہ اپیل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے سوشل میڈیا پر جاری کی، جس میں انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے درخواست کی کہ وہ ان کی ویزا درخواست پر ہمدردانہ غور کریں۔
میرا نے بتایا کہ ان کی بہن اس وقت لندن میں ہے اور ان کا خاندان بھی وہیں مقیم ہے، لیکن انہیں کئی سالوں سے ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پرانی غلط فہمی کی وجہ سے ان کی ویزا درخواستیں مسلسل مسترد ہوتی رہیں۔
اداکارہ نے مزید وضاحت کی کہ انہوں نے اپنی حالیہ ویزا درخواست کے ساتھ اپنی بہن کی طبی رپورٹس اور ضروری دستاویزات بھی جمع کروا دی ہیں، تاکہ وہ لندن جا کر اپنی بہن کے ساتھ وقت گزار سکیں۔
Leading showbiz star Meera appeals to @ukinpakistan @JaneMarriottUK to issue her UK visa so she can meet her cancer- patient sister in London. Meera says she has fulfilled all requirements and wants visa on merit. Previously she was banned for 10 years due to an interview… pic.twitter.com/1YfAIeK9TZ
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) July 16, 2025
یاد رہے کہ فروری 2025 میں اداکارہ کی والدہ شفقت زہرہ نے انکشاف کیا تھا کہ میرا کو ماضی میں برطانوی امیگریشن نے انگلش زبان پر مکمل عبور نہ ہونے کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا تھا، جس کے باعث ان پر 10 سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ تاہم اب یہ پابندی ختم ہو چکی ہے۔
اداکارہ نے اپیل کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ برطانوی حکام ان کی درخواست پر ہمدردانہ فیصلہ کریں گے، تاکہ وہ اپنی بیمار بہن کے قریب جا سکیں اور ان کا حوصلہ بڑھا سکیں۔











