مائیکروسافٹ کا بڑا اقدام: دنیا بھر سے 9 ہزار ملازمین برطرف

عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو 2023 کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی افرادی چھانٹی قرار دی جا رہی ہے۔ یہ برطرفیاں کمپنی کی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 4 فیصد حصہ بنتی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مائیکروسافٹ کو تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں مزید مؤثر، چست اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ کمپنی بہتر طریقے سے مسابقتی دوڑ میں شامل رہ سکے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ فیصلہ 2 جولائی 2025ء کو کیا گیا، اور یہ کمپنی کی جانب سے رواں سال کی تیسری مرحلہ وار برطرفی ہے۔
مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن کے سی ای او فل اسپینسر کا کہنا ہے کہ مخصوص علاقوں میں کام کو محدود یا بند کرنا اور انتظامی سطحوں کو کم کرنا ضروری ہو گیا ہے تاکہ کمپنی کی کارکردگی اور تیزی میں اضافہ ہو۔
برطرفیوں کی ایک بڑی وجہ کمپنی میں مصنوعی ذہانت (AI) کا بڑھتا ہوا استعمال بھی ہے۔ مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ کمپنی میں تیار ہونے والے 20 سے 30 فیصد سافٹ ویئر کوڈ اب AI کے ذریعے بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مائیکروسافٹ مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں کارکردگی اور ترقی کی رفتار کو مزید بڑھایا جا سکے۔












