ویب ڈیسک
|
10 مہینے پہلے
اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی کھلاڑیوں کیساتھ دوستانہ تعلقات پر معین خان کی تنقید

سابق کرکٹر اور کوچ معین خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حریف ٹیم بھارت کے پلیئرز کے ساتھ ضرورت سے زیادہ اچھے اور دوستانہ تعلقات پر تنقید کی ہے۔
اداکارہ اشنا شاہ کے پروگرام میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے رویوں پر بات کرتے ہوئے سابق کوچ نے کہا کہ ہمارے پلیئرز نے ویرات کوہلی سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیز لے کر نہ صرف اپنی عزت کم کروائی بلکہ وہ دباو میں بھی آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹرز کا یہ رویہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سابق بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلق تھے اور اب بھی ہیں۔ لیکن ہمارے سینئر کھلاڑی اور کپتان ہمیں مخالفین سے بات کرنے سے روکتے تھے خاص طور پر میچ کے دوران۔
معین خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں پاکستانی کھلاڑیوں کا بھارتی پلیئرز پر رعب تھا اس لیے ہم اُن سے بہتر اور آگے تھے لیکن آج وہ ہم پر سبقت لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے کھلاڑی مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کے بلے چیک کرکے منفی پیغام دیتے ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ جب میں پاکستانی ٹیم کا کوچ تھا تو کھلاڑیوں کو بتاتا تھا کہ یہ رویہ ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق کپتان وسیم اکرم بھی کرکٹرز کے اس رویے سے خوش نہیں ہیں۔












