07:27 , 22 اپریل 2026
Watch Live

مشتاق احمد خان نے خیبر سے کراچی تک غزہ مارچ کا اعلان کر دیا

مشتاق احمد خان

پاکستان رائٹس موومنٹ کے سربراہ اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ 29 مارچ سے خیبر سے کراچی تک ایک غزہ مارچ شروع ہوگا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران مشتاق احمد خان نے کہا کہ مارچ امریکہ کے خلاف ایک واضح پیغام ہے اور وہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے خلاف جاری جنگ میں ناکام ہو چکے ہیں۔

مشتاق احمد خان نے رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد اقصیٰ کے بند ہونے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ 69 سالوں میں پہلی بار رمضان میں قبلہ اول تالے لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کے بیانات کی بھی مذمت کی اور کہا کہ آنسو بہانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے غزہ پیس بورڈ کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا اس سے الگ ہو چکا ہے اور پاکستان کو بھی فوری طور پر پیس بورڈ سے نکلنا چاہیے۔ ان کے مطابق پیس بورڈ کے پہلے اجلاس کے بعد ایران اور لبنان پر حملے شروع ہو گئے۔

فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی: مشتاق احمد

مشتاق احمد خان نے پاکستان حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایران کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہو اور افغانستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جائیں تاکہ خطے میں توازن قائم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں تقریباً تین لاکھ بچے شہید ہو چکے ہیں اور اسرائیل بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 72 ہزار ٹرک امداد غزہ میں پہنچنے چاہیے تھے، لیکن صرف 30 ہزار ہی پہنچ سکے ہیں۔

مشتاق احمد خان کے اس مارچ کا مقصد عالمی برادری کی توجہ غزہ میں جاری انسانی بحران کی جانب مبذول کرانا اور پاکستان میں عوامی شعور بڑھانا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION