واٹس ایپ گروپس کے لیے نیا ہسٹری شیئرنگ فیچر متعارف

واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم ہے جسے روزانہ اربوں افراد استعمال کرتے ہیں۔ اب واٹس ایپ نے صارفین کی طویل خواہش کے بعد گروپس کے لیے ہسٹری شیئرنگ فیچر متعارف کروا دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کی بدولت کسی گروپ میں شامل ہونے والے نئے افراد کے ساتھ گروپ چیٹ کے حالیہ میسجز اور میڈیا فائلز شیئر کی جا سکیں گی، تاکہ نئے اراکین گروپ میں جاری گفتگو کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہو رہا ہے اور آئندہ چند دنوں میں تمام صارفین تک پہنچ جائے گا۔
واٹس ایپ میں 2026 کے پہلے فیچرز متعارف، گروپ چیٹس کے تجربے میں بہتری
اب تک اگر کوئی شخص کسی گروپ میں شامل ہوتا تھا تو وہ پرانے میسجز تک رسائی حاصل نہیں کر پاتا تھا اور نئے پیغامات سمجھنے کے لیے پرانے اراکین کی مدد پر انحصار کرتا تھا۔
اس فیچر کے تحت پرانے اراکین نئے ممبرز کے ساتھ 14 دنوں کے 25 سے 100 پیغامات شیئر کر سکیں گے۔ یہ اختیار صارفین کے لیے آپشنل ہوگا اور گروپ ایڈمن کو میسجز مینوئلی بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

شیئر کیے گئے پیغامات مختلف رنگ میں ظاہر ہوں گے تاکہ نئے اراکین آسانی سے سمجھ سکیں کہ یہ پرانے میسجز ہیں۔
جب چیٹ ہسٹری نئے ممبرز سے شیئر کی جائے گی تو گروپ کے دیگر اراکین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ کس فرد نے یہ پیغامات شیئر کیے ہیں، جس سے شفافیت اور گروپ مینجمنٹ بہتر ہو گی۔












