عمان کی پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں تعاون کی پیشکش

عمان نے پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔
یہ پیشکش اس وقت سامنے آئی جب وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروسی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خطے میں توانائی کی بدلتی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جو باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی ہیں۔
کم آمدن افراد کیلئے پیٹرول سبسڈی کی تیاری، حکومت کا نیا منصوبہ
انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ توانائی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی اور درآمدات میں تنوع لا کر رسد کو مستحکم بنایا جائے گا، خاص طور پر آبنائے ہرمز سے باہر متبادل راستوں کی تلاش کے ذریعے۔
عمان کے سفیر نے پاکستان کی پالیسی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ عمان پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر پاکستان اسٹیٹ آئل اور او کیو ٹریڈنگ انٹرنیشنل کے درمیان اضافی تیل کارگوز کی فراہمی پر جاری بات چیت سمیت اپ اسٹریم سیکٹر میں مشترکہ منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔










