یومِ یکجہتی کشمیر: پاک افواج کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

راولپنڈی میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاک افواج نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف مارشل نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج کے سربراہان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان کے مطابق ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی جیسے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوٹوک مؤقف، کشمیریوں کے حوصلے بلند
پاک افواج نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے، اور اس کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
افواجِ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر سطح پر شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔















