08:41 , 24 اکتوبر 2025
Watch Live

پاکستان آرمی ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے تیار ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ کسی بھی مہم جوئی کا پاکستان مکمل طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت اور بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا اور انہیں غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی استحکام کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کانفرنس نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فورم نے یوم یکجہتی کشمیر (5 فروری 2025) کے موقع پر کشمیر کے پُرعزم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ شرکاء کانفرنس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی  جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

فورم نے فتنتہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کے عبوری افغان حکومت فتنہ الخوارج کی موجودگی سے انکار کی بجائے اسکے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات کرے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کے کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس قسم کے بیانات، اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ بھارت کی اندرونی خلفشار اور اُسکی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ہیں۔

تمام فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشن پر مبنی تربیت، بہتر فوجی تعاون، روایتی اور انسداد دہشت گردی کی مد میں مشترکہ مشقوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ عسکری قیادت پاکستان کی قابلِ فخر عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION