ویب ڈیسک
|
10 مہینے پہلے
بھارتی آرمی چیف کے الزامات پر پاک فوج کے ترجمان کا سخت ردعمل آگیا

پاک فوج کے ترجمان نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کے آرمی چیف کے بیان میں کوئی صداقت نہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی طرف سے پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ بھارت شکست خوردہ موقف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش بھی ہے۔
بھارتی فوج کے سربراہ نے پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں بد امنی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ سال مارے جانے والے 60 فیصد دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ سفاک بھارتی فوج نے جنت نذیر وادی میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ بھارت کی عسکری اور سیاسی قیادت کی جانب سے اس طرح کے بیانات اپنی فوج کے ظلم و ستم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے سوا کچھ نہیں ہیں۔












