02:16 , 28 جولائی 2025
Watch Live

اربعین زائرین کے لیے حکومتِ پاکستان کا بڑا اقدام

اربعین زائرین کے لیے حکومتِ پاکستان کا بڑا اقدام

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے اربعین کے موقع پر زائرین کے سفر کو سہولت بخش بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایران اور عراق جانے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے اور ساتھ ہی ایک نئی فیری سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے زائرین کے مسائل سے متعلق خصوصی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سول ایوی ایشن حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ایران کے لیے ہفتہ وار پروازیں 6 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی ہیں، جبکہ عراق کے لیے اربعین کے دوران 107 خصوصی پروازیں بھی ترتیب دی گئی ہیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے ایک نئی فیری سروس بھی شروع کی جا رہی ہے۔ عاشورہ کے بعد سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد عراق کے لیے زمینی راستے سے سفر کی اجازت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2026 سے تمام زائرین صرف گروپ آرگنائزر سسٹم کے تحت سفر کریں گے، جبکہ پرانا "سالار” سسٹم ختم کر دیا جائے گا۔ نئے سسٹم کے تحت اب تک 1,413 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن کی تصدیق اور جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION