01:29 , 23 اکتوبر 2025
Watch Live

پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا کھجور پیدا کرنے والا ملک بن گیا

کھجور
پاکستان اب دنیا میں کھجور پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔ ملک میں سالانہ 5 لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کھجور کی پیداوار اور کاشت سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔

 

اس وقت پاکستان میں تقریباً 82 ہزار ہیکٹر رقبے پر کھجور کی کاشت کی جا رہی ہے۔ صوبہ سندھ سب سے زیادہ پیداوار دیتا ہے، جہاں سالانہ 2 لاکھ 52 ہزار 300 ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔ بلوچستان دوسرے نمبر پر ہے جہاں 1 لاکھ 92 ہزار 800 ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔ پنجاب میں 42 ہزار 600 ٹن اور خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 900 ٹن کھجور کی پیداوار ہوتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں 150 سے زائد اقسام کی کھجور پائی جاتی ہیں۔ صرف مکران ڈویژن میں 130 سے زیادہ ورائٹیز موجود ہیں۔ پاکستان کی متنوع اور اعلیٰ کوالٹی کی کھجور کے باوجود اس کی برآمدات انتہائی محدود ہیں۔

فی الحال پاکستانی کھجور دنیا کے 23 ممالک کو برآمد کی جا رہی ہے۔ ان ممالک میں بھارت، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور نیپال شامل ہیں۔ بھارت اس وقت پاکستانی کھجور کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ تاہم، موجودہ برآمدات ملکی پیداوار کے مطابق بہت کم ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کھجور کی برآمدات کو فروغ دیا جائے تو نہ صرف قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے بلکہ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی بھی ممکن ہو گی۔ اس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا اور زرعی شعبے کو ترقی حاصل ہو گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION