07:47 , 22 اپریل 2026
Watch Live

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی ترجیح، وزیر خزانہ

پیٹرولیم مصنوعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ ممکنہ حد تک کم رکھا جائے جبکہ ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بات انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ملک میں تیل کے ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے دستیاب ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ملک میں اس وقت ایندھن کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور آئندہ دنوں میں سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

کمیٹی ارکان کو یہ بھی بتایا گیا کہ تیل سے بھرے کئی کارگو جہاز اس وقت راستے میں ہیں جو جلد پاکستانی بندرگاہوں تک پہنچ جائیں گے۔ اس سے آئندہ ہفتوں میں ایندھن کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں سپلائی چین کی لاجسٹکس اور درآمدی نظام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے اور کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم بروقت منصوبہ بندی اور نگرانی کی بدولت پاکستان میں سپلائی کی صورتحال مستحکم رکھی جا رہی ہے۔

اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے رجحانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ممکنہ عالمی تبدیلیوں کے ملکی معیشت پر اثرات سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION