خطے کی کشیدہ صورتحال: حکومت کی پیٹرول و ڈیزل بچانے کی اپیل، وزیراعظم کا ہنگامی اجلاس

اسلام آباد : خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کی گئی۔
اجلاس میں خطے میں تیزی سے بگڑتی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر محمد عاصم ملک سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف اور طیب اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
تاہم مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری قرار دیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے، جبکہ کفایت شعاری سے عوام کو ریلیف دینے پر بھی زور دیا گیا۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کار پولنگ کو فروغ دیں اور آمد و رفت کو محدود رکھیں تاکہ ممکنہ قلت سے بچا جا سکے اور قومی سطح پر ایندھن کی بچت یقینی بنائی جا سکے۔











