02:36 , 23 اکتوبر 2025
Watch Live

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف حکومتی وعدے پورے نہ ہونے پر مایوس

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف

دنیا کی 8 ہزار میٹر بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف نے حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں شہروز کاشف نے کہا کہ

“میری گورنمنٹ نے مجھے کئی بار کیش انعام دینے کا وعدہ کیا، لیکن سب بھول گئے۔”

شہروز کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوہ پیمائی کے شوق میں اپنی زمین اور کار فروخت کر دی، اور اب وہ مقروض ہو چکے ہیں۔

“میں نے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے تقریباً چار کروڑ روپے خرچ کیے، لیکن کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا۔”

انہوں نے بتایا کہ ان کی کمر کا خطرناک آپریشن ہوا ہے، جس میں راڈز لگائی گئی ہیں، اور اب انہیں چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

“میری میڈیکل فیس تک کسی نے ادا نہیں کی، یہ افسوسناک ہے کہ ایک ایسا شخص جس نے پاکستان کا پرچم دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں پر لہرایا، وہ علاج کے اخراجات کے لیے بھی تنہا ہے۔”

شہروز کاشف نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کا رویہ ایسا ہی رہا تو وہ

“بیرونِ ملک اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوں گے۔”

انہوں نے اپنے پیغام میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کو ٹیگ کرتے ہوئے اس معاملے پر نظرثانی اور مدد کی اپیل کی ہے۔

شہروز کاشف دنیا کے ان چند کم عمر کوہ پیماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے کے ٹو، ماؤنٹ ایورسٹ، نانگا پربت، مناسلو، اناپورنا، براڈ پیک اور دیگر چوٹیوں کو سر کیا۔
انہوں نے کم عمری میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر فخر سے بلند کیا اور انہیں “برف کا شہزادہ” کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION