ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی کا متبادل پلان تیار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ممکنہ عدم شرکت کی صورت میں متبادل منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس سے قومی کرکٹ حلقوں میں نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات آج شام 6 بجے کے قریب متوقع ہے، جس کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق باضابطہ اعلان سامنے آ سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے کے بعد ہی قومی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ شرکت نہ کرنے کی صورت میں کِٹ لانچ نہ کرنے کا امکان ہے۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ جلد
ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتی تو پی سی بی کی جانب سے لاہور میں چار ٹیموں پر مشتمل ایک خصوصی ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اس مجوزہ ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم، پاکستان شاہینز اور انڈر 18 کھلاڑیوں کو ملا کر چار ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس برقرار رکھی جا سکے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق آج ہونے والا فیصلہ نہ صرف پاکستان کرکٹ کے مستقبل بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جس پر شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔











