06:54 , 14 اکتوبر 2025
Watch Live

نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی حلف برداری کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ پارٹی نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ حلف لینے کے لیے کسی کو نامزد کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے 8 اکتوبر کو وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا، اور اس کی تصدیق کے لیے 11 اکتوبر کو دوبارہ استعفیٰ بھیجا گیا جو گورنر کو موصول ہو گیا۔ گورنر نے ٹویٹ میں بھی استعفیٰ کی وصولی تسلیم کی تھی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق جب استعفیٰ موصول ہو جائے تو وزیراعلیٰ مستعفی تصور ہوتا ہے، مگر اب گورنر استعفیٰ سے لاعلمی ظاہر کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر صوبے میں موجود نہیں، اس لیے چیف جسٹس کسی اور کو حلف کے لیے نامزد کریں۔

عدالت میں چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ گورنر کی غیر موجودگی میں حلف برداری کے لیے نامزدگی چاہتے ہیں؟ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ کیا اسپیکر اسمبلی نے گورنر یا اپوزیشن سے رابطہ کیا؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کسی نے ابھی تک پٹیشن دائر نہیں کی، اور گورنر کی واپسی کا انتظار کرنا چاہیے۔

سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر کو پہلے سے معلوم تھا کہ اسمبلی اجلاس ہونے والا ہے۔ اس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ معلوم کریں کیا گورنر کو حلف برداری کی سمری موصول ہوئی ہے یا نہیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور سماعت آج دوبارہ ہو گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION