آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے، تاہم خراب موسم کے باعث اس اہم میچ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں لیکن پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ اس وقت سب سے بڑی خبر بن چکا ہے، جس نے میچ کی سنسنی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
گروپ اے کا یہ اہم میچ اتوار کے روز کھیلا جانا ہے۔ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہمیشہ ہائی وولٹیج سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ٹورنامنٹ کی اہم ترین جھڑپ تصور کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹس کے مطابق میچ کے دن کولمبو میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا تقریباً 50 فیصد امکان ہے۔ شام 6 بجے کے قریب شہر میں 2.1 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جو میچ کے دوران رکاوٹ کا سبب بن سکتی ہے۔ موسم کی یہی غیر یقینی صورتحال منتظمین اور کھلاڑیوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ پر فتح
اگر بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا تو آئی سی سی قوانین کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ ایسا ہونے کی صورت میں گروپ کی پوزیشن پر اثر پڑ سکتا ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہو جائے گی۔ شائقین دعا کر رہے ہیں کہ موسم صاف رہے تاکہ مکمل میچ دیکھنے کو مل سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ایسے میں اس بڑے مقابلے کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے، لیکن پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ اب بھی برقرار ہے اور سب کی نظریں موسم کی صورتحال پر مرکوز ہیں۔












