03:17 , 24 اکتوبر 2025
Watch Live

ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس: علاقائی سلامتی، فوجی سفارت کاری پر اہم پیشرفت

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس میں علاقائی سلامتی اور فوجی سفارت کاری کے فروغ میں اہم پیش رفت ہوئی، جس میں امریکا، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان سمیت خطے کے اعلیٰ فوجی عہدیداروں نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کا مقصد علاقائی سلامتی، عسکری تعاون، مشترکہ تربیتی پروگرامز اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ تھا۔ اجلاس میں پاکستان نے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری شراکت داری کے لیے اپنی مستقل وابستگی کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ ہائبرڈ چیلنجز کے تناظر میں عسکری تعاون اور باہمی اعتماد کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اور پاکستان خطے کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا خواہاں ہے۔

کانفرنس میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک مسائل، دہشت گردی، سائبر سیکیورٹی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ شرکاء نے امن، خودمختاری اور باہمی احترام کے اصولوں کی پاسداری کا عزم بھی دہرایا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شرکاء نے پاکستان کی قیادت اور میزبانی کو سراہا، جو خطے میں سلامتی اور تعاون کو فروغ دینے کی واضح علامت ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION