11:46 , 17 ستمبر 2025
Watch Live

پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک پر پابندی کی قرارداد جمع

پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک پر پابندی کی قرارداد جمع

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن رکن فرخ جاوید مون نے مشہور شارٹ ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد ایوان میں جمع کروا دی ہے۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پلیٹ فارم پر غیر اخلاقی، فحش اور نابالغ افراد کے لیے نقصان دہ مواد کی تشہیر جاری ہے جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔ قرارداد کے مطابق ٹک ٹاک کے لائیو چیٹ فیچر پر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نامناسب گفتگو میں ملوث ہیں، جب کہ کم عمر بچے اور بچیاں بھی ویڈیوز کے ذریعے پیسہ کمانے کی غرض سے غیر شائستہ مواد شیئر کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کی مختلف عدالتیں اور صوبائی اسمبلیاں ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق فیصلے اور قراردادیں پیش کر چکی ہیں۔ عدالتوں نے متعدد بار ایپلی کیشن پر عارضی پابندی عائد کی اور کمپنی کو غیر مناسب مواد روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

حکومتی ہدایات کے بعد ٹک ٹاک نے اپنی پالیسیاں سخت کیں اور بڑی تعداد میں غیر اخلاقی ویڈیوز ہٹانے کا عمل شروع کیا، تاہم قرارداد کے مطابق اب بھی نامناسب مواد کا سلسلہ جاری ہے، جو نوجوان نسل کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

ایوان میں جمع کرائی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی وفاقی حکومت سے رجوع کرے تاکہ ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION