12:20 , 3 اپریل 2026
Watch Live

وقار یونس نے سرور فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں میں شرکت پر فخر کا اظہار کیا

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ٹوبہ ٹیک سنگھ، رجانہ اور چیچہ وطنی میں سرور فاؤنڈیشن اسپتال اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لجنڈری کرکٹر وقار یونس بھی ان کے ہمراہ تھے، جو فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے آئے۔

دورے کے دوران سابق گورنر اور وقار یونس نے فاؤنڈیشن کے اسکولوں اور کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور تعلیمی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اساتذہ کے ساتھ بات چیت کے دوران تعلیمی معیار کی بہتری کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

رجانہ اور چیچہ وطنی کے سرور فاؤنڈیشن اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی گئی۔ مریضوں نے اسپتال کی فراہم کردہ سہولیات کو سراہا اور کہا کہ مفت علاج کی بدولت مالی معاونت کے ساتھ بڑے شہروں جیسی جدید طبی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

چیچہ وطنی اسپتال میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ میڈیا اکثر منفی پہلو اجاگر کرتا ہے، جبکہ مثبت اقدامات کم دکھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے ان بچوں کی مثالیں دی جن کے ٹیڑھے پاؤں بغیر کسی معاوضے کے آپریشن کے ذریعے سیدھے کیے گئے۔

سابق گورنر نے پاکستانی ڈاکٹروں کی مہارت کو سراہا اور کہا کہ یہ دنیا کے بہترین ڈاکٹروں کے برابر ہیں۔ انہوں نے وقار یونس کے تعاون اور فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں میں شمولیت کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کا مقصد عوام کے چہروں پر خوشیاں لانا ہے۔

وقار یونس نے دورے کی دعوت دینے پر چوہدری سرور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں سرور فاؤنڈیشن کے تعلیم و صحت کے شعبے میں کام کرنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوگی، وہ فاؤنڈیشن کے لیے اپنی خدمات پیش کریں گے اور چھوٹے علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

دورے کے اختتام پر چیچہ وطنی کے سرور فاؤنڈیشن رائے علی نواز اسپتال میں پولیو سے متاثرہ 150 سے زائد بچوں کی کامیاب سرجری پر کیک کاٹا گیا اور ڈاکٹروں کی خدمات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر ملک قاسم، حافظ امیر علی اعوان، سعد اشرف، سٹی 41 کے اینکر مناظر علی، پبلک نیوز کے اہتشام اور 365 نیوز کی علینہ مظفر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION