03:44 , 1 نومبر 2025
Watch Live

سائنسدانوں نے ایسا پینٹ تیار کرلیا جو ائیرکنڈیشنر کی ضرورت ختم کردے گا

آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے ایک ایسا جدید پینٹ تیار کر لیا ہے جو ائیر کنڈیشنر کے استعمال کی ضرورت کو تقریباً ختم کر سکتا ہے۔ یہ پینٹ چھتوں پر لگانے سے درجہ حرارت کو اردگرد کے ماحول کے مقابلے میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کر دیتا ہے۔

سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق یہ پینٹ نہ صرف درجہ حرارت کم کرتا ہے بلکہ فضا سے پانی کو بھی جذب کرتا ہے، جس کے نتیجے میں شدید گرم موسم کے دوران گھروں کے اندر نمایاں ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق، یہ پینٹ 96 فیصد سولر ریڈی ایشن کو واپس فضا میں منعکس کر دیتا ہے، جس سے چھتوں پر گرمی جمع نہیں ہوتی۔

یہ پینٹ سوراخ دار فلم (porous film) کے ذریعے تیار کیا گیا ہے، جو فضا میں موجود حرارت کو مؤثر انداز میں منتشر کرتا ہے۔

سائنسدانوں نے بتایا کہ دن کے وقت جب سورج پوری شدت سے چمک رہا ہوتا ہے، تب بھی یہ پینٹ چھت کو اردگرد کے ماحول کے مقابلے میں ٹھنڈا رکھتا ہے۔

تحقیق کے دوران یہ پینٹ سڈنی نانو سائنس ہب کی چھت پر 6 ماہ تک استعمال کیا گیا، جہاں اس نے شاندار نتائج دیے۔

ماہرین کے مطابق، پینٹ کی سطح ٹھنڈی ہونے سے فضا میں موجود نمی شبنم کی طرح اس پر جم جاتی ہے، جس سے پانی جمع کرنا بھی ممکن ہوتا ہے۔

چار ماہ کے دوران ماہرین نے فی مربع میٹر روزانہ 390 ملی لیٹر پانی حاصل کیا، اور ان کا اندازہ ہے کہ آسٹریلیا میں ایک عام چھت سے روزانہ 70 لیٹر تک پانی اکٹھا کیا جا سکتا ہے۔

یہ پینٹ ایسے علاقوں کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے جہاں زیرزمین پانی کی کمی ہو۔

تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے “Advanced Functional Materials” میں شائع کیے گئے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION