11:20 , 27 جولائی 2025
Watch Live

شبمن گل کی تاریخی اننگز، ایک ٹیسٹ میں 430 رنز بنا کر کئی ریکارڈز توڑ دیے

برمنگھم: بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 269 اور 161 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

ایجبسٹن ٹیسٹ میں گل نے پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر ایشیا سے باہر ٹیسٹ میں کسی بھارتی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور بنایا ہے (پچھلا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کا 241 رنز کا تھا)۔

اس کے علاوہ گل ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 430 رنز بنا کر بھارت کی طرف سے ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے (پچھلا ریکارڈ سنیل گواسکر کا 344 رنز کا تھا)۔

بھارتی کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں واحد بلے باز بن گئے جس نے ایک میچ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری (269) جبکہ دوسری اننگز میں 150 سے زائد رنز (161) اسکور کیے۔

دنیا بھر میں ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں گل دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ گراہم گوچ 456 رنز کے ساتھ پہلے۔ شبمن گل 430 رنز کے ساتھ دوسرے۔ مارک ٹیلر 426 رنز کیساتھ تیسرے۔ کمار سنگاکارا 424 رنز کیساتھ چوتھے جبکہ برائن لارا ایک اننگز میں 400 رنز کیساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

گل بھارت کے تیسرے کپتان ہیں جنہوں نے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز سنیل گواسکر اور ویرات کوہلی کو حاصل تھا۔

میچ کی صورتحال

واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں انگلینڈ نے 407 رنز بنائے۔ بھارت نے دوسری اننگز 427/6 رنز پر ڈیکلیئر کی اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 608 رنز کا ہدف دیا، چوتھے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم 3 وکٹوں پر 72 رنز بنا سکی۔ میچ کے آخری دن انگلینڈ کو جیت کیلئے مزید 536 رنز درکار ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION