03:22 , 7 نومبر 2025
Watch Live

دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کی پاکستان پر آسان جیت

فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دی اور تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ مہمان ٹیم نے 270 رنز کا ہدف صرف 40.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقی بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ پاکستانی بولرز بے اثر دکھائی دیے۔

میچ کا آغاز پاکستان کے ٹاس جیتنے اور پہلے بیٹنگ کے فیصلے سے ہوا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا 69 اور محمد نواز 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کے ابتدائی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے، فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 11 اور محمد رضوان صرف 4 رنز بنا سکے۔

ابتدائی نقصان کے بعد صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور اننگز کو سہارا دیا۔ بعد ازاں صائم 53 اور سلمان علی آغا 69 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اختتامی اوورز میں محمد نواز اور فہیم اشرف نے ٹیم کا اسکور بہتر کیا، نواز نے 59 جبکہ فہیم اشرف نے 28 رنز جوڑے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ، پاکستان کے نعمان علی اکتوبر کی نامزدگیوں میں شامل

جواب میں جنوبی افریقا کے بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کوئنٹن ڈی کوک 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈی زورزی نے 76 اور پری ٹوریس نے 46 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے جن میں محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقا نے 41ویں اوور میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دی تو سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 8 نومبر کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہرایا تھا۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ فیصلہ کرے گا کہ سیریز کا فاتح کون ہوگا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION