03:24 , 16 نومبر 2025
Watch Live

مالی سال 2024-25 میں 67 شوگر ملز نے 40 کروڑ ڈالر کی چینی برآمد کی

چینی برآمد

اسلام آباد (30 جولائی 2025) – مالی سال 2024-25 کے دوران چینی برآمد کرنے والی شوگر ملز کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ ملک بھر کی 67 شوگر ملز نے مجموعی طور پر 7 لاکھ 49 ہزار ٹن چینی برآمد کی۔ اس چینی کی مالیت تقریباً 40 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق، سب سے زیادہ چینی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے ایکسپورٹ کی، جس کی مقدار 73 ہزار 900 ٹن تھی۔ تاندلیانوالہ شوگر ملز نے 41 ہزار 412 ٹن، حمزہ شوگر ملز نے 32 ہزار 486 ٹن، جبکہ تھل انڈسٹریز اور المعیز انڈسٹریز نے 29 ہزار ٹن چینی برآمد کی۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چینی کی میعادِ استعمال اگست 2025 تک تھی۔ اگر برآمد نہ کی جاتی تو یہ ضائع ہو سکتی تھی۔ ان کے مطابق، چینی کا برآمدی کوٹہ پیداواری صلاحیت کے مطابق تقسیم کیا گیا اور کسی کو ترجیح نہیں دی گئی۔

ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ہارون اختر جب چینی برآمد کر رہے تھے، تب وہ صرف شوگر مل کے مالک تھے، کابینہ کا حصہ نہیں تھے۔ رپورٹ کے مطابق، سندھ کی 80 فیصد شوگر ملز مالی خسارے کا شکار ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری کے خاندان کی بھی 3 شوگر ملز بند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 13 شوگر ملز فروخت کے لیے دستیاب ہیں، مگر کوئی خریدار سامنے نہیں آیا۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹوں کو چینی برآمد کرنے کے لیے کوئی اضافی کوٹہ نہیں دیا گیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION