ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: کپتانوں کی پریس کانفرنس 5 فروری کو کولمبو میں ہوگی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے کپتانوں کی پریس کانفرنس 5 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں مرکنٹائل کرکٹ ایسوسی ایشن کے مقام پر منعقد کی جائے گی۔
آئی سی سی کے مطابق اس موقع پر مختلف ٹیموں کے کپتان گروپس کی صورت میں میڈیا سے گفتگو کریں گے اور ٹورنامنٹ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا، جبکہ یہ میگا ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 8 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے پریس کانفرنس کے لیے نامزد کپتانوں میں پاکستان کے سلمان علی آغا، سری لنکا کے داسن شناکا، آسٹریلیا کے مچل مارش، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اور نیدرلینڈز کے اسکاٹ ایڈورڈز شامل ہیں۔
پاکستان نے بھارت میچ کے بغیر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کا اعلان
اس کے علاوہ عمان کے جتیندر سنگھ، امریکا کے مونانک پٹیل اور زمبابوے کے سکندر رضا بھی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے، جبکہ بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے کپتانوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف گروپ اے میچ کا بائیکاٹ کرے گا، تاہم ٹورنامنٹ کے دیگر تمام میچز میں شرکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ ایونٹس میں شامل ہے، جبکہ پاک بھارت مقابلہ روایتی طور پر عالمی سطح پر غیر معمولی ناظرین اور تجارتی توجہ حاصل کرتا رہا ہے۔















