11:57 , 27 جولائی 2025
Watch Live

اسکردو میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے سیاح بحفاظت نکال لیے گئے

اسکردو

اسکردو: گلگت بلتستان کے خوبصورت علاقے اسکردو میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسنے والے سیاحوں کو پاک فوج نے بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ ریسکیو کیے گئے سیاحوں کی جانب سے پاک آرمی کی خدمات کو زبردست انداز میں سراہا جا رہا ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے آئے ہوئے سیاح دیوسائی کے مقام پر قدرتی آفت کی زد میں آ گئے۔ بارشوں کے نتیجے میں سیلابی کیفیت پیدا ہوئی، جس سے ان کی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور سیاح محصور ہو کر رہ گئے۔

ایک خاتون سیاح نے بتایا، "ہم کراچی سے سیر کے لیے آئے تھے، لیکن دیوسائی کے مقام پر شدید بارش اور پانی کے بہاؤ نے ہمیں چاروں طرف سے گھیر لیا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی اور ان کے ساتھ موجود ایک اور خاتون کی طبیعت بگڑ گئی تھی، لیکن پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے فوری طور پر پہنچ کر انہیں ریسکیو کیا۔

ریسکیو کی گئی خاتون کا کہنا تھا کہ پاک آرمی نے نہ صرف انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا بلکہ طبی امداد اور کھانے پینے کی سہولیات بھی فراہم کیں۔ انہوں نے کہا، "اس ایمرجنسی میں پاک فوج نے جس پیشہ ورانہ انداز میں مدد کی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔”

ریسکیو کیے گئے سیاحوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاک فوج ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات ہوں یا دیگر چیلنجز، پاک فوج کی موجودگی اطمینان اور تحفظ کا باعث بنتی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION