09:42 , 24 اکتوبر 2025
Watch Live

بحرالکاہل کے کئی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری

سونامی وارننگ
روس کے علاقے کامچاٹکا کے قریب آج صبح 8.7 شدت کا شدید زلزلہ آیا ہے۔ زلزلے کے بعد جاپان، روس، ہوائی، الاسکا اور بحرالکاہل کے کئی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ زمین کے اندر 19.3 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔

 

جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 25 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ شروع میں اس کی شدت 8.0 بتائی گئی، بعد میں اسے 8.7 کر دیا گیا۔ زلزلے کا مرکز ہوکائیدو جزیرے سے 250 کلومیٹر دور سمندر میں تھا۔

جاپانی حکام نے پہلے 1 میٹر اونچی لہروں کی پیش گوئی کی تھی، مگر اب خدشہ ہے کہ سونامی کی لہریں 3 میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو فوری محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ دوسری اور تیسری لہریں زیادہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔

ہوائی، الاسکا، کیلیفورنیا، اوریگن اور واشنگٹن سمیت کئی ساحلی علاقوں کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ الاسکا کے نیشنل وارننگ سینٹر اور ہوائی کے پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ لہریں تمام جزائر کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان علاقوں میں ہنگامی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ چونکہ زلزلے کی گہرائی کم تھی، اس لیے سونامی کا خطرہ زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ اسی ماہ کامچاٹکا کے قریب پانچ زلزلے آ چکے ہیں، جن میں سب سے بڑا 7.4 شدت کا تھا۔ اگر آج کے زلزلے کی شدت 1952 کی سطح تک پہنچی تو ہوائی اور دیگر ساحلی علاقوں میں شدید تباہی کا خطرہ ہے، جیسا کہ 1952 میں 30 فٹ بلند لہریں ہوئیں تھیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION