05:43 , 16 نومبر 2025
Watch Live

سی سی ڈی کی کارروائی میں دو خطرناک ملزمان ہلاک

سی سی ڈی

فیصل آباد میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے ایک اہم پولیس مقابلے میں دو خطرناک شوٹرز ہلاک ہو گئے، جبکہ تین ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر صدیق چیمہ کی سربراہی میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم ماہلاں روڈ پر معمول کے ناکے پر موجود تھی جب دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور خیر والا بنگلہ کی طرف فرار ہو گئے۔

سی سی ڈی ٹیم نے فوری طور پر تعاقب کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے تقریباً نصف گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ملزمان مارے گئے، جن کی شناخت حسنین اور شاہجہان کے نام سے ہوئی۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کا شمار انتہائی خطرناک ڈاکوؤں اور شوٹرز میں ہوتا تھا۔ وہ نہ صرف اجرتی قاتل کے طور پر کام کر چکے تھے بلکہ ڈکیتی، راہزنی، اور پولیس مقابلوں سمیت 40 سے زائد مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔

ملزمان نے ماضی میں دوران واردات متعدد افراد کو زخمی کیا تھا اور پولیس پر بھی حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تین ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر تھانہ ٹھیکری والا میں درج کر لی ہے اور فرار ہونے والوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION