08:16 , 22 اپریل 2026
Watch Live

یو اے ای میں عوامی تحفظ کے لیے نیا قانون نافذ کرنے کا اعلان

یو اے ای میں عوامی تحفظ کے لیے نیا قانون نافذ

متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیا قانون نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ قانون یکم جون سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد عوامی مقامات اور تقریبات میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔

نئے قانون کے تحت عوامی مقامات اور تقریبات کے لیے سخت حفاظتی قواعد متعارف کرائے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام عوامی مقامات پر محفوظ داخلہ اور اخراج کے راستوں کو یقینی بنانا لازمی ہوگا۔

قانون کے مطابق عوامی مقامات پر مناسب روشنی کا انتظام کرنا اور جگہ کی گنجائش کے مطابق افراد کی تعداد مقرر کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ ہجوم اور ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

تقریبات کے منتظمین کو آگ بجھانے کے آلات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامی انخلا کے واضح منصوبے بنانے ہوں گے۔ اس کے علاوہ فرسٹ ایڈ کی سہولت اور تربیت یافتہ سیکیورٹی عملہ بھی تعینات کرنا لازمی ہوگا۔

نئے قواعد کے تحت بغیر اجازت دھماکا خیز مواد یا آتش بازی کا سامان رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح خطرناک یا آتش گیر مادوں کے استعمال اور ان کی نقل و حمل پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ساحلی علاقوں کے لیے بھی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے تحت مقررہ اوقات میں ہی تیراکی کی اجازت ہوگی جبکہ ممنوعہ علاقوں میں جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 درہم سے لے کر 10 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ ایک ہی سال میں دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ بڑھا کر 20 لاکھ درہم تک کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION