09:13 , 24 جنوری 2026
Watch Live

امریکا جلد پاکستان کے لیے امیگریشن ویزا پابندی اٹھا سکتا ہے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

سینیٹر سلیم مانڈوی والا

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا جلد پاکستان کے لیے امیگریشن ویزوں سے متعلق عائد پابندی ختم کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے امریکی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پر امیگریشن ویزا پابندی کا معاملہ زیرِ بحث ہے اور توقع ہے کہ امریکا اس فیصلے پر جلد نظرثانی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی شناختی دستاویزات پر امریکا آنے والے افغان شہریوں کے مسئلے کو بھی امریکی حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا تاکہ اس معاملے کا واضح اور مستقل حل نکالا جا سکے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید بتایا کہ جلد پاکستان سے ایک اور پارلیمانی وفد امریکا کا دورہ کرے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے عوامی نمائندوں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

“سفری پابندیوں کی ڈیڈ لائن پر امریکی محکمہ خارجہ کا اہم بیان سامنے آ گیا”

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سطح پر روابط مضبوط بنانے سے دوطرفہ مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے اور اعتماد کی فضا قائم ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے ہزاروں درخواست گزار متاثر ہوئے۔

متاثرہ ممالک میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، روس، ایران، صومالیہ، برازیل، نائجیریا، عراق، شام، سوڈان اور دیگر شامل ہیں، جبکہ حکام کے مطابق ویزا پابندیوں پر نظرثانی کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION