ویب ڈیسک
|
4 مہینے پہلے
امریکی صدر کا جوہری پروگرام ختم کرنے کا دعویٰ فریب ہے، ایرانی صدر

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرانی جوہری پروگرام ختم کرنے کا دعویٰ فریب پر مبنی ہے، کیونکہ ایران کی جوہری صلاحیتیں تنصیبات میں نہیں بلکہ ہمارے سائنسدانوں کے ذہنوں میں ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو میں ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے خلاف ہے اور یہ اس کا سیاسی، مذہبی، انسانی اور تذویراتی مؤقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران یورینیم افزودگی کا پرامن پروگرام عالمی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے گا، خواہ بین الاقوامی مخالفت کیوں نہ ہو۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، لیکن دباؤ یا دھمکیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔
قطر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے واضح کیا کہ العدید ایئر بیس پر حملہ قطر یا اس کی قیادت کے خلاف نہیں تھا، بلکہ امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس نے ایران پر بمباری کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے سے قبل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو فون کرکے ایرانی مؤقف واضح کیا گیا تھا۔
اسرائیل کے حوالے سے صدر کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی نئے اسرائیلی فوجی اقدام کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور جنگ بندی کے حوالے سے زیادہ پُرامید نہیں۔












