ادویات کا استعمال بند کرنے کے بعد وزن دوبارہ بڑھ سکتا ہے

ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اوزیمپک اور ویگووی جیسی وزن کم کرنے والی ادویات کے استعمال کو بند کرنے کے بعد مریضوں کا وزن دوبارہ بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
یہ تحقیق معروف جریدے بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئی، جس میں ماضی کے 11 کلینیکل ٹرائلز کا تجزیہ کیا گیا۔ ان ٹرائلز میں تقریباً 2,500 افراد نے حصہ لیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ جیسے ہی دوا کا استعمال روکا گیا، مریضوں کے وزن میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اوزیمپک اور ویگووی میں موجود فعال جز سیماگلوٹائیڈ ہے، جو موٹاپے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ان چھ منظور شدہ ادویات میں شامل ہے:
-
اورلسٹیٹ
-
نیلٹریکسون-بیوپروپین
-
سیماگلوٹائیڈ
-
لیراگلوٹائیڈ
-
ٹائرزیپیٹائیڈ
-
فینٹرمائن-ٹوپیرامیٹ
ان میں سے چھ تحقیقاتی مطالعے خاص طور پر سیماگلوٹائیڈ پر مرکوز تھے۔ اگرچہ دوا کے استعمال کے دوران وزن میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی، لیکن جیسے ہی دوا بند کی گئی، وزن میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موٹاپے کے علاج کے لیے طویل المدت منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ صرف دوا پر انحصار کرنا کافی نہیں، بلکہ صحت مند طرزِ زندگی، ورزش اور خوراک کی تبدیلیاں بھی ضروری ہیں تاکہ وزن کم کرنے کے نتائج دیرپا ہوں۔












