عالمی لیگ رینکنگ جاری، آئی پی ایل نمبر 1 لیگ قرار نہ پا سکی

عالمی کرکٹ لیگز کی تازہ رینکنگ میں ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے حیران کن نتائج جاری کرتے ہوئے دی ہنڈرڈ کو سرفہرست قرار دے دیا، جبکہ مہنگی ترین انڈین پریمیئر لیگ تیسرے نمبر پر رہی۔
رینکنگ کے مطابق دی ہنڈرڈ نے 75.2 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ جنوبی افریقہ کی ایس اے ٹی ٹوئنٹی 68 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
دنیا کی امیر ترین لیگ سمجھی جانے والی آئی پی ایل 62.6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ لیگ کو مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق آئی پی ایل کو بہترین لیگ بننے کے لیے کھلاڑیوں کے حقوق اور ویلفیئر کے شعبے میں مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ 62.5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی، جبکہ پاکستان کی پاکستان سپر لیگ 48 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
دیگر لیگز میں میجر لیگ کرکٹ چھٹے، انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی ساتویں اور کیریبین پریمیئر لیگ آٹھویں نمبر پر ہیں۔
رینکنگ میں نویں نمبر پر ابوظہبی ٹی 10 جبکہ دسویں نمبر پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ شامل ہیں، جو عالمی کرکٹ میں بڑھتی ہوئی مسابقت کو ظاہر کرتی ہیں۔











