06:19 , 7 نومبر 2025
Watch Live

بوشہر پر حملہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو جوہری تباہی سے دوچار کر سکتا ہے، آئی اے ای اے کا انتباہ

نیو یارک: بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کے بوشہر ایٹمی بجلی گھر پر حملہ کیا، تو پورا مشرقِ وسطیٰ تباہ کن جوہری بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے گروسی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے باوجود اب تک تابکاری کا کوئی اثر ریکارڈ نہیں ہوا، لیکن بوشہر ری ایکٹر پر براہِ راست حملے کے انتہائی سنگین نتائج ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مکمل سول نیوکلیئر ری ایکٹر ہے، جہاں ہزاروں کلوگرام جوہری مواد موجود ہے۔ حملے کی صورت میں تابکاری کا شدید اخراج ہوگا، جس سے خطے کے بڑے شہر متاثر ہو سکتے ہیں۔

گروسی کے مطابق اگر صرف بوشہر کی بجلی لائنیں بھی نشانہ بنائی گئیں تو ری ایکٹر میں خطرناک میلٹ ڈاؤن کا خدشہ ہے، جس کے بعد عوامی انخلا، آیوڈین گولیاں، اور خوراک کی پابندیاں جیسے اقدامات ناگزیر ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اس بحران کا حل صرف سفارتکاری سے ممکن ہے اور ایجنسی اس بات کی مکمل نگرانی کر رہی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کر رہا۔

واضح رہے کہ بوشہر ایٹمی منصوبہ 1970 کی دہائی میں شروع ہوا تھا اور روس کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION