01:15 , 30 اگست 2025
Watch Live

یومِ آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور اتحاد، قربانی اور خودمختاری کے عزم کو دہرانے پر زور دیا۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قائداعظم، تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں قوم نے اتحاد اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کی عسکری اور قومی صلاحیت واضح ہوئی۔

صدر نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تحمل، حکمت اور طاقت کے ساتھ دفاع کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن عہد کرنا چاہیے کہ ہم اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک انصاف پسند، مساوات پر مبنی اور متحد پاکستان کے لیے کام کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا 78 سالہ سفر قربانی، استقلال اور امید کی کہانی ہے۔ انہوں نے تحریک آزادی کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر شعبے میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح نے یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے، اور قوم میں نیا جذبہ بیدار ہوا ہے۔ مسلح افواج نے دشمن کے غرور کو چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق صرف فوجی کامیابی نہیں، بلکہ دو قومی نظریے کی سچائی کی جیت ہے۔ ہم اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اسی اتحاد سے آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے اور بھارت کو بھی جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف پیش قدمی کرنی چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا اصل راز قومی اتحاد ہے، اور اب وقت ہے کہ ہم دفاع کے ساتھ ساتھ معیشت میں بھی ناقابلِ تسخیر بنیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION