گلشن معمار کے علاقے کریم شاہ روڈ پر فائرنگ کے ایک واقعے میں پولیس کانسٹیبل صدام حسین شہید ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق صدام حسین تھانہ گلشن معمار میں تعینات تھے اور وہ پنکچر کی دکان پر اپنی موٹرسائیکل کا پنکچر لگوا رہے تھے کہ اچانک سفید رنگ کی آلٹو کار میں سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ صدام حسین رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کے ذاتی گن مین تھے اور وہ ڈیوٹی سے چھٹی کر کے گھر جا رہے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے پانچ خول 9 ایم ایم اور ایک خول 30 بور کی بندوق کے قبضے میں لے لئے ہیں۔ ایس ایچ او گلشن معمار شہید اہلکار کے ساتھ اسپتال روانہ ہوگئے ہیں اور واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے فوری طور پر ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے ملاقات کی جائے اور ان کی مدد کی جائے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں تنہا نہ رہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کے قتل کے مقدمے میں ملوث افراد کی جلد گرفتاری کی جائے اور تحقیقات ماہر افسر کے سپرد کی جائیں تاکہ مجرموں کو سزا دی جا سکے۔ پولیس کی ہلاکت کی اس واردات پر سندھ حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔