لاہور – جڑواں شہروں کے مضافاتی علاقے کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ لبڑٹی چوک لاہور میں بسنت فیسٹیول بھی منسوخ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور خوارج کے خلاف متحد ہے۔
واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید اور 160 سے زائد زخمی ہوئے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد اسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169 ہو گئی۔ یہ واقعہ شہر میں خوف و ہراس پھیلا گیا اور ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کو گیٹ پر روکا گیا، لیکن اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے کارروائیوں میں مصروف ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات اور حفاظتی اقدامات شروع کر دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔ حکام نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام نے عوام سے صبر اور ہمت کا پیغام دیا۔ عوام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہنگامی حالات میں حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ واقعے نے ملک بھر میں سیکیورٹی کے امور کو مزید سنجیدگی سے لینے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔