پنجاب میں “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کا آغاز، بے زمین کسانوں کیلئے بڑا اقدام

پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران اس اسکیم کا افتتاح کیا اور اس کے آن لائن پورٹل کا بھی اجرا کیا۔
اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں بے زمین کسانوں کو تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی زمین فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں روزگار اور خود کفالت کے مواقع حاصل ہوں۔
حکام کے مطابق زمین کی تقسیم پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
پنجاب میں مجموعی طور پر 13 ہزار 812 زرعی لاٹس مختص کیے گئے ہیں جن سے 88 ہزار 780 خاندان مستفید ہوں گے جبکہ چولستان میں 16 ہزار 685 لاٹس سے ایک لاکھ سے زائد افراد فائدہ اٹھائیں گے۔
ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی زمین دی جائے گی جبکہ آبادکاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک ایک مرتبہ گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
حکومت کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمین 10 سال کی مدت کے لیے دی جائے گی جو صرف کاشتکاری کے لیے استعمال ہو سکے گی۔
درخواستیں 2 مئی سے 18 مئی تک آن لائن جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ اپیل کا عمل 1 سے 8 جون تک جاری رہے گا۔ حتمی فہرست 19 جون کو جاری ہوگی اور 30 جون سے زمین کی تقسیم شروع ہوگی۔
اگر درخواست گزار زیادہ ہوئے تو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے زمین الاٹ کی جائے گی۔
کاشتکار اپنی مرضی کی فصل کاشت کر سکیں گے جبکہ ہر لاٹ پر زرعی افسران کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ زمین کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں سال میں دو بار دورے کریں گی تاکہ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔










