نیشنل ایکشن پلان کے تحت اہم فیصلے، نصاب اور نفرت انگیز مواد پر سخت اقدامات

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور نفرت انگیز مواد کے تدارک سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ڈپٹی سیکرٹری فنانس اور ڈائریکٹر لاء سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی نصاب اور اسکولوں کی صبح کی اسمبلی میں حب الوطنی اور نیشنلزم کے موضوعات شامل کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ معرکۂ حق اور قومی جذبے سے متعلق مواد کو بھی نصاب کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ طلبہ میں قومی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ریشم اور دیدار کے تنازع پر بیان جاری کر دیا
اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ نجی تعلیمی ادارے سرکاری اداروں کی طرح قومی یکجہتی سے متعلق سرگرمیاں منعقد نہیں کر رہے، جس پر انہیں بھی ایسے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔
مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ معرکۂ حق اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں سرکاری فنڈ سے بنائی جائیں گی جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ بھی تیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور محرم الحرام کے دوران خصوصی نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کا مشترکہ سیل بنایا جائے گا جو نفرت انگیز مواد کی فوری نشاندہی کرے گا اور درست معلومات عوام تک پہنچائے گا۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ محرم کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی ہوگی، جبکہ قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔










